کومل اسلم: بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر پنجاب کے مزید 5 ڈویژنز میں سکول بند کر دیئے گئے۔
سموگ کے باعث سکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژن میں 17 نومبر تک سکولز بند کئے گئے ہیں، نجی ٹیوشن سنٹرز بھی بند رکھے جائیں گے،بارہویں جماعت تک تمام سکولوں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا۔
اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہےکہ اسموگ کے بڑھتے اثرات کےپیش نظر تمام اضلاع میں سکول بند کررہے ہیں،فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیاگیا۔رانا سکندر حیات نےکہا کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے لیکن تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھارہے ہیں،بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کےلیے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی جلد لارہے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں پہلے سے ہی سکولز بند کر دیئے گئے ہیں۔