علی ساہی،وقاصاحمد:صوبہ بھر میں سموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جس میں 1 کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر لاہور میں ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کی مشترکہ کارروائی میں 987 موٹرسائیکلوں کو دھواں چھوڑنے پر 19 لاکھ 74 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ، 99 موٹرسائیکلوں کو فضائی آلودگی پھیلانے کے الزام میں مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا ہے۔60 ٹریکٹر ٹرالیاں بغیر حفاظتی اقدامات کے چلنے پر مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے 234 گاڑیوں کے ای چالان بھی جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ شہر میں 41 اینٹی سموگ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر 12 ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ سموگ اور آلودگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا کہ "سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اس میں شہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے۔"
دوسری جانب صوبہ بھر میں دھواں چھوڑنے والی 25 سے زائد گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کر دیے گئے جبکہ 29 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی معطل کیے گئے۔ اس کے علاوہ 15 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی اور 1 ہزار سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا۔کارروائی کے دوران 2 ہزار 111 سے زائد لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو آلودگی پھیلانے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ پنجاب کو سموگ فری بنانے کے لیے ٹریفک پولیس زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب نےپبلک ٹرانسپورٹ کے بعد ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرائیویٹ گاڑیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن کا فیصلہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ شہری اپنے فون سے 15 پر اور ایکسٹینشن نمبر 6 ملا کر دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کو خطرات لاحق کرنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔