ویب ڈیسک: سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے آؤٹ ڈور سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے سخت پابندیاں نافذ کردیں۔
دریں اثناء پنجاب میں سموگ کے باعث لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں دکانیں، شاپنگ مالز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، 17 نومبر تک رات 8 بجے کے بعد کاروبار جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کر دی گئیں، ہال روڈ، مال روڈ اور پینوراما شاپنگ سینٹر کے تاجروں نے شٹرز گرادیے۔
حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ، آؤٹ ڈور گیمز، نمائشوں اور تقریبات پر بھی 11 نومبر سے 17 نومبر تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے،جبکہ لاہور میں کوئی بڑی گاڑی بغیرسرٹیفکیٹ داخل نہیں ہوسکتی۔
سموگ کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے لگیں جبکہ پروازیں معطل کرنا پڑگئیں، حد نگاہ ختم ہونے پر موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کردی گئی جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث معطل ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں حالیہ ویک اینڈ پر لاہور اور ملتان پر اتنی گہری سموگ ہے کہ سڑکیں اور عمارتیں اُس کی لپیٹ میں آگئیں، تصاویر میں صرف دھند دیکھی گئی۔