فاران یامین: پنجاب کی میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی،یہ بندش گزشتہ شب 9 بج کر 30 منٹ پر کی گئی۔ موٹر وے ایم 3 بھی دھند اور سموگ کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ لاہور ملتان موٹر وے کو رات 12 بجے کے قریب بند کیا گیا۔
اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی رات ساڑھے 10 بجے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے ایم 11 بھی دھند اور سموگ کے سبب بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے،روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں،روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔