ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تمام اقدامات بے سود، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج پھر سرفہرست

تمام اقدامات بے سود، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج پھر سرفہرست
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کومل اسلم: پنجاب  میں  سموگ کے باعث فضاؤں میں دھندلا پن محسوس ہونے لگا،   لاہور کی فضائی آلودگی میں خطرناک حدتک اضافے  نے سانس لینا بھی محال بنا دیا جس کے بائث معمولات زندگی متاثر ہونے لگی ہے۔

شہر کی فضا بدستور آلودہ ،ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 781ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔سید مراتب علی روڈ 1182،امریکی قونصلیٹ میں شرح 922ریکارڈ، غازی روڈ انٹرچینج 856 اور جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 792ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر لاہور میں موسم سرما کا آغاز  ہوتے ہی موسم سرد اور خشک ہونے لگا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،، کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ زیادہ سے زیادہ 27ڈگری تک جانے کا ا مکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 نومبر سے مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔

سموگ کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں حالیہ ویک اینڈ پر لاہور اور ملتان پر اتنی گہری سموگ ہے کہ سڑکیں اور عمارتیں اُس کی لپیٹ میں آگئیں، تصاویر میں صرف دھند دیکھی گئی۔

واضح رہے کہ سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے آؤٹ ڈور سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے سخت پابندیاں نافذ کردیں،دریں اثناء پنجاب میں سموگ کے باعث لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں دکانیں، شاپنگ مالز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، 17 نومبر تک  رات 8 بجے کے بعد کاروبار جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کر دی گئیں، ہال روڈ، مال روڈ اور پینوراما شاپنگ سینٹر کے تاجروں نے شٹرز گرادیے۔

 حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ، آؤٹ ڈور گیمز، نمائشوں اور تقریبات پر بھی 11 نومبر سے 17 نومبر تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے،جبکہ لاہور میں کوئی بڑی گاڑی بغیرسرٹیفکیٹ داخل نہیں ہوسکتی۔

 سموگ کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے لگیں جبکہ پروازیں معطل کرنا پڑگئیں، حد نگاہ ختم ہونے پر موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کردی گئی جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث معطل ہے۔