ویب ڈیسک: پشاور کے تھانہ فقیر آباد کی حدود میں چارسدہ روڈ پر شادی کی تقریب سے واپسی پر گاڑی میں بیٹھے دلہے کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
پشاور چارسدہ روڈ پر ظلم کی انتہا ہوگئی، دولہے کو راستے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ گاڑی میں بیٹھی دلہن معجزانہ طور پر بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور چارسدہ روڈ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب سے واپسی پر اچانک دلہے کی گاڑی پر فائرنگ شروع کردی گئی، فائرنگ سے 22 سالہ دولہا عدنان عمر زادہ زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، تاہم راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دلہا جان بحق ہوگیا۔ گاڑی میں بیٹھی دلہن معجزانہ طور پر بچ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اے ایس پی فقیر آباد سید طلال احمد شاہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔اے ایس پی سید طلال احمد شاہ نے جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کرائم سین پر شواہد اکٹھا کرنے کی نگرانی کی، اس حوالےسے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے لواحقین کی رپورٹ پر باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلووْں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔