جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نگران وزیراعلیٰ پختونخوا مقرر

12 Nov, 2023 | 04:18 PM

ویب ڈیسک:گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی منظوری کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نگران وزیراعلیٰ کے پی مقرر ہو گئے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے نام پر مشاورت کے لیے سی ایم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی شریک ہوئے۔

اجلاس سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی کا کہنا تھا آج ہی نگران وزیراعلیٰ کے نام کا فیصلہ کر لیں گے، محمود خان کو قائل کر لوں گا، میری بات کو کوئی مسترد نہیں کرتا۔

اکرم درانی کا کہنا تھا اعظم خان کا نام اس لیے پیش کیا تھا کیونکہ وہ ایماندار آدمی تھے۔سی ایم ہاؤس میں ہونے والی مشاورت کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ کے پی کے لیےجسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نےتجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام منظوری کے لیے گورنر خیبر پختوخوا کو بھیجا گیا، گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے سمری پر دستخط کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر ہو گئے ہیں۔ 

سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ نئےنگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی حلف برداری تقریب آج شام 6 بجے ہو گی، گورنر کے پی غلام علی ارشد حسین شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جس کے باعث صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی تھی اور خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی خلا پیدا ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں