(ویب ڈیسک) گھانا سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ انٹرنیشنل فٹبالر رافیل ڈوامینا دوران میچ میدان میں گرنے کے باعث انتقال کرگئے۔
گھانا فٹبال ایسوسی ایشن نے فٹبالر کے انتقال پر جاری کردہ بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ گھانا کی انٹرنیشنل فٹبال ٹیم کیلئے کھیلنے والے رافیل ڈوامینا میچ کے دوران میدان میں گرنے کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔
گھانا فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں نوجوان فٹبالر کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ رافیل نے سچے دل سے گھانا کی نمائندگی کی اور آخری سانس تک وہ اپنے ملک کیلئے کھیلتے رہے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فٹبالر ڈوامینا کی موت کے بارے میں سرکاری سطح پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم میچ کی جاری کردہ ویڈیو میں وہ 24 ویں منٹ میں گرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طبی عملہ فٹبالر کی دیکھ بھال کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے گراؤنڈ سے ہسپتال لے جاتا ہے۔
ڈوامینا اس سے قبل اکتوبر 2021 میں بھی آسٹرین کپ میں میچ کے دوران گرگئے تھے لیکن وہ صحت یاب ہوکر دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آگئے تھے، اپنے کیرئیر کے دوران ڈوامینا نے سپین، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا اور ڈینمارک کے کلبوں کی بھی نمائندگی کی۔