ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سخت سوال کرنے والی جرمن ٹی وی اینکر نے کہا ہے کہ انہیں کئی بار سوشل میڈیا پر جنسی زیادتی اور قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔
جرمن ٹی وی کی خاتون اینکر میلیسا چان (Melissa Chan) نے ٹوئٹر پر اپنے تمام کمنٹس بند کردیے۔ خاتون اینکر نے عمران خان سے انٹرویو کے بعد کمنٹس بند کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ اس سے نمٹنے کا یہی طریقہ ہے۔
میلیسا چان نے عمران خان سے پوچھا تھا کہ آپ تحریک عدم اعتماد کے باعث گئے اقتدار کی واپسی کے لیے شہرت کو بطور ہتھیار استعمال کر کے دارالحکومت کی طرف مارچ کر رہے ہیں، کیا ایسا کر کے آپ خود کو امریکی ٹرمپ، برازیل کے بُلسونیرو اور فلپائنی روڈریگز ڈوٹیرٹے کی فہرست میں شامل نہیں سمجھتے ؟
عمران خان نے سوال کا براہِ راست جواب نہیں دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی حکومت الیکشن نہیں آکشن کے ذریعے ہٹائی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ افسوس کہ اپنے دور میں قانون کی حکمرانی کا نفاذ نہیں کرسکا۔