ویب ڈیسک: محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے افراد یا نجی اداروں کے خلاف کارروائی کرے گی جو لاہور میں سموگ اور ہوا میں فضائی آلودگی کے بارے میں غلط معلومات فراہم کررہے ہیں۔
دی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ کی جانب سے کرائے گئے ایک سروے کے بعد کیا گیا ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے بعض علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی جانچنے کے لیے نصب ہلکی کوالٹی کے آلات ہوا میں فضائی آلودگی کی شرح کا تناسب بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ اور عوام میں غلط معلومات کے ذریعے بے چینی پھیلائی جارہی ہے۔ ایسا ہی ایک آلہ بیدیاں روڈ کے علاقے میں نصب کیا گیا ہے۔محکمے کی دو رکنی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ بیدیاں روڈ پر نصب میٹر کا ائیر کوالٹی انڈیکس درست نہیں پایا گیا۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ شہر میں نصب زیادہ تر نجی اداروں کے آلات غلط معلومات فراہم کررہے ہیں۔ 10 اور 11 نومبر کو کی جانے والی اسٹڈی کے مطابق نجی ادارے کا اوسط اے کیو آئی لیول 331 ظاہر کررہا تھا جبکہ محکمے کے آلات سے اسی دورانیے میں اوسط اےکیو آئی لیول 239 ریکارڈ کیا گیا جو 26۔91 فیصد کم تھا۔
وزیر ماحولیات محمد رضوان کا کہنا ہے کہ حکومت کسی شخص یا نجی ادارے کو غلط معلومات پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔