( رضوان نقوی ) کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیلڈ دفاتر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سرکلر جاری کردیا، ایف بی آر کی گریڈ 1 تا 15 کے ملازمین کی نصف تعداد کے ساتھ دفتری امور نمٹانے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے فیلڈ دفاتر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ بخار اور نزلہ، زکام کے مرض میں مبتلا ملازمین کو رخصت دی جائے، لیکن فون پر رابطہ میں رہنے کی تاکید کی جائے، کورونا کی علامات کی صورت میں ملازمین کے فی الفور کورونا ٹیسٹ کروائیں جائیں۔
کسٹمز اور آئی آر ایس دفاتر میں کام کرنے والے اہلکار ماسک پہن کر دفاتر آئیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔ 50 سال سے زائد العمر ملازمین جبکہ بچوں والی خواتین کو گھر سے کام کی اجازت دی جائے۔
ایف بی آر نے مزید ہدایت کی کہ امراض قلب اور سانس کے مرض میں مبتلا ملازمین بھی گھر سے کام کریں۔ لفٹ کے استعمال، بائیومیٹرک حاضری سے گریز اور سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔