اساتذہ کے باہمی تبادلوں پر پابندی عائد

12 Nov, 2020 | 04:21 PM

Sughra Afzal

(جنید ریاض) پنجاب بھر کے اساتذہ کیلئے بری خبر، باہمی تبادلوں پر پابندی عائد، پنجاب ٹیچرز یونین نے احکامات واپس نہ لینے پر احتجاج کی دھمکی دے دی۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے باہمی تبادلوں پر پابندی لگا دی، نئی پالیسی کے تحت اب ایک سکول میں سال سے زائد تعینات رہنے والے اساتذہ ہی باہمی تبادلوں کے اہل ہونگے، ایک سال سے کم عرصہ سے تعینات اساتذہ باہمی تبادلوں کیلئے نااہل قرار دے دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ میرٹ پر پورا نہ اترنے والے سینکڑوں اساتذہ کی تبادلوں کیلئے جمع درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔متاثرہ اساتذہ نے سکول ایجوکیشن سے پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ پالیسی میں نرمی نہ لائی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

علاوہ ازیں محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ اساتذہ کی بھرتی مستقل بنیادوں کی بجائے عارضی طور پر کی جائے گی، صوبہ بھر کے سکولوں میں اس وقت 70 ہزار اساتذہ کی فوری ضرورت ہے، اساتذہ کی نئی بھرتیاں صرف ایک سے دو سال کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، خراب کارکردگی پر اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ناقص محکمانہ پالیسیوں سے تنگ آکر پنجاب  بھر  کے 25 ہزار سے زائد اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواستیں جمع کرادیں، لاہور سے بھی 250 کے قریب اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

مزیدخبریں