سرکاری محکمے غیر سنجیدہ ،کورونامتاثرین کی تعدادمیں3گنا اضافہ

12 Nov, 2020 | 12:58 PM

ریحان گل:سرکار کے محکمے ہی کورونا کے معاملے میں غیر سنجیدہ ہیں، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کورونا رپورٹس فراہم کرنے میں عدم دلچسپی،محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کمیشن کو شوکاز جاری کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کورونا کے معاملے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی نشاندہی کی گئی ہے، خط کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کو یونیورسٹیز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی رپورٹ روزانہ مرتب کرنے اور محکمہ کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن اس معاملے میں کمیشن کا رویہ نہایت غیر سنجیدہ رہا ہے۔


 واضح رہے کہ سینئر افسران کی بارہا ہدایات کے باوجود کمیشن نے رپورٹس فراہم نہیں کیں، جس پر محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کمیشن کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور ڈپٹی سیکرٹری یونیورسٹیز کو کمیشن سے روزانہ رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے ایک اجلاس میں بتایا ہے، کہ کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز تعلیمی اداروں میں آ رہے ہیں، اجلاس کے دوران صوبائی وزرا تعلیم اور اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم سرما کی چھٹیاں جلدی اور طویل کی جائیں، اس حوالے سے 16 نومبر کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ بھی کیا جائے۔

یاد ر ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ہر روز تیزی سے بڑھنے لگی ہے، مزیداب تک 3 گنا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اہم سفارشات تیار کر لی ہیں جن کی حتمی منظوری قومی رابطہ کمیٹی دے گی۔مزید یہ کہ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں کورونا وائرس کی  ایس او  پیز پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں