(فخر امام) سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے محکمہ پولیس کا قبلہ درست کرنے کی ٹھان لی، تھانہ ہیئر کے انچارج انویسٹی گیشن محمد اکرم، اے ایس آئی محمد سلیم اور تھانہ نواب ٹاؤن کے سب انسپکٹرآصف بٹ کو معطل اور لائن حاضر کردیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ ہیئر کے انچارج انویسٹی گیشن محمد اکرم اور اے ایس آئی محمد سلیم کو ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی سپیشل رپورٹ پر معطل کر کے لائن حاضر کیا گیا، تھانہ نواب ٹاؤن کے سب انسپکٹر آصف بٹ کو ناقص تفتیش پر معطل اور لائن حاضر کیا گیا،سی سی پی او نے انویسٹی گیشن آصف بٹ کو دفتر بلا کرہتھکڑیاں بھی لگوا دیں، آصف بٹ نے ذاتی فائدے کیلئے ملزمان کو رعایت دی، جس سے ملزمان باآسانی ضمانتوں پر رہا ہوگئے، ملزمان حمزہ شمس، اشفاق احمد اور سلمان خان کیخلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔
سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپوں اور ان کی پشت پناہی کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف زیر و ٹالرنس پالیسی ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ناقص تفتیش کرنیوالے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور نے بڑا یوٹرن لے لیا، گزشتہ ماہ لاہور سے تبدیل کروائے ڈی ایس پیز رینک کے افسروں کی دوبارہ لاہور تعیناتی کے لئے آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا، لاہور کے دیگر 3 ڈی ایس پیز کے تبادلوں کے لئے بھی مراسلہ لکھ دیا۔