سٹی42:مریم نواز کی نیب آفس پیشی پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظورکرلی گئی
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس میں پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و رکنِ پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظورکرلی۔ عدالت نے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ لیگی ایم پی اے کے وکیل فرہاد علی شاہ نے موقف اپنایا خواجہ عمران نذیر کے خلاف تھانہ چوہنگ میں دہشت گردی کی خصوصی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہے، وہ اظہار یکجہتی کے لیے نیب آفس گئے، کسی قسم کی ہنگامہ آرائی نہیں کی، اس مقدمہ میں دیگر ملزمان بھی عبوری ضمانت پر ہیں، عدالت سے استدعا ہے خواجہ عمران نذیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ خواجہ عمران نذیر کو ہفتے کو لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کےمطابق سیف سٹی اتھارٹی کی کال پر خواجہ عمران کی گاڑی کو روکا گیا تھا۔پولیس کاکہنا ہےکہ خواجہ عمران کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے لنک روڈ سے گرفتار کیا گیا ہےخواجہ عمران کا اپنی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس کو نیب دفتر کے باہر ہنگامے کے دوران میری گاڑی کی فوٹیج ملی ہے، میرے ساتھ انتقامی کارروائی کی جارہی ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔