پی ایس ایل، وارم اپ میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

12 Nov, 2020 | 10:17 AM

NASIR AMIN

سٹی42:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے سے قبل ہونے والے پہلے وارم اپ میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 22 رنز سے ہرادیا جبکہ لاجسٹک مسائل کی بنیاد پر کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پریکٹس میچ منسوخ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے وارم اپ میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 194 رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود نے 52 گیندوں پر 66 رنز بنائے، روی بوپارا نے برق رفتار 57 رنز 24 گیندوں پر بنائے،رائلی روسو نے 28 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔جبکہ پشاور زلمی کی جانب سے ہارڈس ویلیون، کارلوس بریتھ ویٹ اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم صہیب مقصود کی شاندار بیٹنگ کے باوجود بھی ہدف تک نہ پہنچ سکی اور 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا پائی۔صہیب نے 80 اور امام الحق نے 49 رنز بنائے۔ محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب رات کو شیڈول کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا میچ لاجسٹک مسائل کی بنیاد پر منسوخ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ میچ پہلے معین خان اکیڈمی میں ہونا تھا لیکن بعد ازاں اسے نیشنل اسٹیڈیم شفٹ کیا گیا اور پھر شام کو اس کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔پی ایس ایل میں شریک ٹیمیں جمعرات کو بھی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔ کراچی کنگز کا مقابلہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔

واضح رہے کہکراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل مچل میک کلینیگن نیوزی لینڈ کے آئسولیشن قوانین کی وجہ سے پی ایس ایل سے دستبردار ہوئے ہیں۔ پی ایس ایل میں شرکت کیلئے ایک اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گیا،کراچی کنگز میں جنوبی افریقا کے وین پارنیل کو بطور متبادل کھلاڑی شامل کرلیا گیا ہے جبکہ لاجسٹک مسائل کی وجہ سے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی بھی پاکستان نہیں آئیں گے

مزیدخبریں