مال روڈ (علی رضا، عثمان علیم ) کورونا کی دوسری لہر شدید ہونے لگی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سینما ، تھیٹر اور درباروں کو فوری بند کرنے کا حکم دیدیا، تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات، عوامی اجتماعات پر پابندی اور مارکیٹیں جلد بند کرنے پر بھی غور جاری ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی صدارت میں ہوا جس میں ملک اور خاص طور پر تعلیمی اداروں سے حاصل ہونے والے کووڈ 19 کے کیسز سے متعلق اعدادوشمار کا جائرہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء کو کورونا ایس او پیز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات دینے اوربڑھانے کی سفارش کی گئی، اجلاس میں عوامی اجتماعات پر پابندی اور مارکیٹیں جلد بند کرنے کی سفارش بھی کی گئی جبکہ سینما اور تھیٹرز فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
این سی او سی نے شادی تقریبات سے متعلق نظر ثانی شدہ گائیڈ لائنز جاری کر دیں، جس کے تحت شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات میں 500مہمان شریک ہو سکیں گے ، شادی تقریبات کی گائیڈ لائنز کا اطلاق 20نومبر سے ہو گا۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے شادی ہالز بند نہ کرنے پر اتفاق کرلیا، پنجاب حکومت نے ہالز بند نہ کرنے کے حوالے سے سفارشات مرتب کر کے منظوری کے لیے وفاق کو بھجوا دیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی، ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ کر 21 ہزار ہوگئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 افراد کورونا کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی، اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 20 ہزار 650مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔