جنید ریاض:تبادلوں اور ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواستیں جمع کرانے کا وقت گزر گیا ،لاہور کی سینکڑوں مرد و خواتین اساتذہ درخواستیں جمع کرانے سے رہ گئیں
دوسالوں سے تبادلوں اور ایڈجسٹمنٹ کے منتظر اساتذہ کی امیدوں پرپانی پھر گیا۔تبادلوں اور ایڈجسٹمنٹ کیلئے اپلائی کرنے کی تاریخ ختم ہوگئی۔سکول انفرمیشن سسٹم بلاک کردیا گیا۔اب کوئی ٹیچر تبادلوں اور ایڈجسٹمنٹ کیلئے اپلائی نہیں کرسکے گا۔لاہور کی سینکڑوں خواتین اساتذہ سیس پر سیٹیں دستیاب نہ ہونے کے باعث اپلائی نہ کرسکیں۔اساتذہ نے وزیر اعلی پنجاب سےنوٹس لینے کی اپیل کردی۔
اساتذہ نے سکول انفرمیشن سسٹم کو نکارہ اور غیرمفید قرار دے دیا اور ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا عبدالقیوم کی جانب سے پالیسی بنانے پر شدید تنقید کا اظہاربھی کیا۔ متاثرہ ٹیچرز کا کہنا ہے کہای ٹرانسفر کی پالیسی متعارف کروانے والوں نے اساتذہ کی گردن پر چھری چلا دی۔ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا عبدالقیوم پالیسی میں نرمی لائیں۔اساتذہ یونین نے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خواتین اساتذہ کو ایڈجسٹمنٹ نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ کے تبادلوں کے ساتویں مرحلے کا اعلان کیا گیا تھا۔جس کے تحت 6 نومبر سے آن لائن درخواستیں وصول کرنا شروع کی گئیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ کے تبادلوں کے لیے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق 6 سے 11 نومبر تک تبادلوں کے لیے درخواستیں وصول کی جانا تھیں۔12 سے 13 نومبر تک پہلی میرٹ لسٹ تیار ہو گی ۔14 سے 18 تک کاغذات کی تصدیق کی جائے گی ۔25 سے 26 نومبر تک تبادلوں کے احکامات تیار کئے جائیں گے ۔26 نومبرکو اساتذہ کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے جائیں گے اور 28 نومبر سے 6 دسمبر تک اساتذہ کو جوائننگ کی ڈیڈ لائن دی جائے گی۔