کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں: عثمان بزدار

12 Nov, 2020 | 09:36 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر)   وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کیخلاف علم بلند کیا ہے، ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے عناصر کا احتساب ضروری ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی سید یاور عباس بخاری نے ملاقات کی، دوران ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کے باعث عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے، پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا، کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابوپانے کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، شہری ماسک استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے آمدو رفت کو محدود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 11388 افراد کے کوورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 502 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،جبکہ کورونا کے باعث مزید 9  افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

مزیدخبریں