( زاہد چوہدری ) صورتحال سنگین تر ہوگئی، شہر کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کے ساتھ پولیو کی 7 برس قبل معدوم ہونے والی قسم پی ٹو دوبارہ نمودار، پانچ برس عمر تک کے بچوں کیلئے بڑا خطرہ سامنے آگیا ۔
پولیو کے خاتمہ کے حوالے سے اقدامات کے باوجود کوئی بہتری نہ آسکی، اکتوبر میں لاہور کے سیوریج کے حاصل کئے گئے نمونوں میں ایک بار پھر قومی ادارہ صحت نے پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے سیوریج میں پولیو کی 2012 میں معدوم ہوجانے والی قسم پی ٹو بھی دوبارہ نمودار ہوگئی ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔
پولیو کی سات برس قبل معدوم ہونے والے قسم پی ٹو کے ختم ہونے پر بچوں کو اس سے بچاؤ کی ویکسین بھی نہیں دی جارہی تھی اور صرف پولیو ٹائپ ون سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے تھے تاہم اب ٹائپ ٹو سامنے آنے پر تشویش بڑھ گئی ہے اور پانچ برس عمر تک کے بچوں کیلئے ایک بڑا خطرہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیو کی ٹائپ ٹو بھی سامنے آنے پر تصدیق ہوگئی ہے کہ وائرس کی ایک سے زائد اقسام ماحول میں موجود ہیں جس سے نمٹنا ایک بڑا چیلینج بن گیا ہے۔