(شاہین عتیق) احتساب عدالت میں رمضان شوگرمل کیس کی سماعت، حمزہ شہبازعدالت پیش جبکہ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور، عدالت نے ریفرنس کی سماعت اٹھائیس نومبرملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی، جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا، کمرہ عدالت میں شور ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو روسٹرم پر بلایا اور مخاطب کیا کہ آپ یہاں پریس کانفرنس کرنے آتے ہیں، یہ کمرہ عدالت ہے، حمزہ شہباز بولے جیل سے آیا ہوں، انہیں ساتھ نہیں لایا، کارکنان ملنے آئے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کو باور کرایا کہ وہ عدالت کا ڈیکورم خراب کر رہے ہیں، حمزہ شہباز نے واضح کیا کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں، جس پر عدالت میں وکلاء نے نعرے بازی شروع کر دی۔
شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر وکیل صفائی نے بتایا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں، ان کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے، عدالت نے کہا کوئی شیڈول نہیں لگایا گیا، کیا معلوم اجلاس ہے یا نہیں؟؟ وکیل صفائی نے کہاکہ آئندہ شیڈول کے مطابق درخواست دی جائےگی، جس پرعدالت نے حاضری معاف کردی۔
نیب نے عدالت میں حمزہ شہباز کا سپلیمنٹری ریفرنس پیش کردیا، عدالت نے ریفرنس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 28 نومبر کوطلب کرلیا۔