(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سینیئر اداکار متھن چکرورتی نے کہا ہے کہ سلمان خان ہر وقت مذاق کے موڈ میں رہتے ہیں، وہ ایسے ہیں کہ اگر دیر رات نیند سے اُن کی آنکھ کُھل جائے تو وہ اُس وقت بھی سب کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران سلمان خان سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز کی شخصیت سے متعلق گفتگو کی۔
متھن چکرورتی نے کہا کہ سلمان خان کافی خوش مزاج، ہنس مکھ، شرارتی اور دوستانہ شخصیت کے مالک ہیں، وہ بظاہر تو بڑے ہی غصے والے انسان نظر آتے ہیں لیکن حقیقت میں اُن کی شخصیت اس کے بالکل برعکس ہے۔
متھن چکرورتی نے کہا کہ سلمان خان ہر خوبصورت لڑکی سے یہ کہہ کر ہمدردیاں لیتے رہیں گے کہ وہ غیر شادی شدہ ہیں اور لڑکی شادی کی اُمید میں اُن سے محبت کرنے لگ جائے گی۔
اداکار نے کہا کہ سلمان خان لڑکیوں سے محبت رچاتے رہیں گے، اُنہیں بیوقوف بناتے رہیں لیکن ان سے کبھی شادی نہیں کریں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اس بات کی گارنٹی دے رہا ہوں کہ سلمان خان اُن لڑکیوں سے کبھی شادی نہیں کریں گے جنہیں وہ بیوقوف بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ 58 سالہ سلمان خان ماضی میں کئی نامور بالی ووڈ اداکاراؤں کے ساتھ تعلق میں رہے ہیں جن میں سرفہرست ایشوریا رائے بچن اور کترینہ کیف ہیں۔
سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان کئی برسوں تک دیرینہ دوستی رہی تھی اور بات شادی تک بھی جاپہنچی تھی لیکن پھر دونوں کے درمیان یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ سلمان خان نے آج تک ایشوریا رائے کی وجہ سے شادی نہیں کی۔