انٹرنیٹ کی بندش پر جی ایس ایم اے کا تشویش کا اظہار

12 May, 2023 | 01:27 PM

ویب ڈیسک : پاکستان کی حالیہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔

 انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، ساتھ ہی ساتھ کاروباری افراد بھی شدید خسارے کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں ٹیلی کام سیکٹر کی عالمی تنظیم جی ایس ایم اے کی جانب سے پاکستان کے وزیر ٹیلی کام اور آئی ٹی سید امین الحق کو خط لکھا گیا ہے جس میں انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔خط میں جی ایس ایم اے کے ہیڈ آف ایشیاء اینڈ پیسیفک جولین گورمن نے کہا کہ جی ایس ایم اے عالمی سطح پر موبائل آپریٹرز کے مفادات کے حوالے سے بات کرتی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جدید ڈیجیٹل دور میں انسان انفرادی اور مجموعی طور پر کاروبار سمیت اپنی روز مرہ ضروریات کیلئے انٹرنیٹ پر انحصار کرتا ہے۔ ایسے میں ملک میں انٹرنیٹ جیسی سروسز کی بندش کی وجہ سے شہری تعلیم، معاشی اور معاشرتی بہبود کی سرگرمیوں سے محروم رہتے ہیں۔ خط کے متن میں مزید لکھا گیا کہ جی ایس ایم اے دنیا کے کسی بھی حصے میں اس قسم کی سہولیات کی بندش کی مکمل مخالفت کرتی ہے اور حکومتی اداروں سے جلد از جلد ملک میں انٹرنیٹ سروسز کی بحالی پر زور دیتی ہے اور اس صورتحال میں پاکستان میں ہر طرح کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔

مزیدخبریں