سٹیج فنکاروں کا تھیٹر کھولنے کا مطالبہ

12 May, 2020 | 06:39 PM

Arslan Sheikh

( زین مدنی ) سٹیج پرڈیوسرز اور اداکاروں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت ہوم سیکرٹری اور ڈی سی او لاہو ر کو عید الفطر پر سٹیج ڈراموں کی نمائش کھولنے پر درخواستیں دے دیں، تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کا کہنا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کھولنے کے ساتھ مارکیٹیں اور بازار کھل سکتے ہیں تو عید الفطر پر تھیٹر بھی ایس او پیز کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔

معروف سٹیج پرڈیوسر سخی سرور بٹ، قیصر ثناءاللہ خان، ارشد چوہدری، اکبر بٹ،علی جمشید سمیت پرڈیوسر چنگیز اعوان، اداکار ناصر چنیوٹی، نسیم وکی، خوشبو خان، آفرین پری سمیت دیگر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر افسران کو درخواست دی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دو ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کے پیش نظر تھیٹر سے وابستہ فنکار انتہائی مشکل حالات کا شکار ہیں۔ سٹیج فنکاروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کھول دیا گیا ہے مارکیٹیں اور بازار کھل گئے ہیں تو ایس او پیز بنا کر عید الفطر پر تھیٹر ڈراموں کی نمائش کی اجازت بھی دی جائے۔

فنکاروں، پرڈیوسرز اور تکنیک کاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ رات گیارہ سے ایک بجے صرف دو گھنٹے کے لئے ایس او پیز بنا کر دیئے جائیں اور تھیٹر ڈراموں کی نمائش کی اجازت عید پر دی جائے تاکہ جو فنکار بے روزگار ہیں وہ برسرروزگار ہوجائیں۔

یاد رہے جہ لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع اور نرمی کردی گئی ہے، شہر کی تمام اہم مارکیٹیں ہفتے میں 4 روز کیلئے کل سے کھل گئیں، شہر کی تمام اہم مارکیٹیں شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔  شاپنگ مالز،تعلیمی ادارے، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز بند رہیں گے، شہرکےتمام ماڈل بازاروں میں کورونا کے پیش نظر بند کی گئی دکانیں کھول دی گئیں۔ 

مزیدخبریں