"بدلتے حالات میں بموں، میزائلوں کی بالادستی بے معنی ہے"

12 May, 2020 | 05:38 PM

علی اکبر:  مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دنیا سمیت پاکستان کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، طاقت کا محور بدل چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ بدلتے ہوئے حالات میں بموں اور میزائلوں کی بالادستی بھی اب بے معنی ہو رہی ہے.
مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن قومی اسمبلی سردار غوث بخش مہر نے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً ملک میں تیزی سے پھیلنے والی وبا کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ غوث بخش مہر نے چودھری شجاعت حسین کو سندھ کی سیاسی صورتحال، کورونا سے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور راشن کی تقسیم جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دنیا سمیت پاکستان کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، طاقت کا محور بدل چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ بدلتے ہوئے حالات میں بموں اور میزائلوں کی بالادستی بھی اب بے معنی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بدلتی ہوئی صورتحال میں ایک نئی بین الاقوامی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، کورونا کا مقابلہ اکیلا کوئی ملک نہیں کر سکتا، اس وبا سے بچنے کیلئے پوری دنیا کو ایک نقطہ نظر پر اکتفا کرنا ہو گا۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک میں مزید 1268 نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 31728 ہوگئی ہے.چوبیس گھنٹوں میں 343 افراد صحت یاب ہوئے ۔سندھ میں وائرس کے 12ہزار 17 ، پنجاب میں کیسز کی تعداد 11 ہزار 869ہوگئی جبکہ اب تک 691 افراد وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں 343 افراد صحت یاب ہوئے ۔ پاکستان کرونا سے سب سے زیادہ متاثر بیس ممالک میں شامل ہوگیا۔

مزیدخبریں