کورونا وائرس سے متاثرہ پولیس ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

12 May, 2020 | 04:53 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) پنجاب پولیس سرکاری اداروں میں 227 مریضوں کے ساتھ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ادارہ بن گیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ پولیس ملازمین کو  ویلفیئر فنڈ سے فی کس 25 ہزار روپے کی امدادی رقم جاری کی جائے گی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف دیگر متعلقہ اداروں کی طرح پولیس بھی فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دے رہی ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے قرنطینہ سنٹرز، ہسپتال، ناکوں اور مارکیٹوں میں موجود ہے۔ دوران ڈیوٹی اب تک 85 سو کے قریب ملازمین کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے  285ملازمین میں کورونا وائرس مثبت آیا ہے جس میں سے 227 پولیس ملازمین زیر علاج جبکہ 58 صحتیاب ہوکر دوبارہ ڈیوٹیوں پر پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر آج سے ویلفیئر فنڈ سے کوروناوائرس سے متاثرہ ملازمین کو رقم کا اجرا شروع کردیا جائے گا، صوبہ بھر سے گیارہ مئی تک پولیس کے کورونا وائرس سے متاثرہ 211 ملازمین کو 25 ہزار مالی امداد کے چیک جاری کیے جائیں گے، اسی حوالے سے تمام متاثرہ ملازمین کے نام اور شناختی کارڈ اور محکمانہ نمبر متعلقہ اضلاع و یونٹس سے منگوا لیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال نے تمام ریجنز کو متاثرہ ملازمین کی فہرستیں روزانہ کی بنیاد پرویلفیئر برانچ کو بھجوانے کا مراسلہ ارسال کردیا تاکہ ہر دس دن بعد چیک جاری کیے جاسکیں، پہلے مرحلے میں آج 53 لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیکس جاری کیے جائیں گے۔

 واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 11568 تک پہنچ گئی، کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل197 جبکہ لاہور میں78 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزیدخبریں