’’بیوروکریسی میں موجود کالی بھیڑوں کو جلد بے نقاب کروں گا‘‘

12 May, 2020 | 03:55 PM

Sughra Afzal

(عثمان علیم) گورنر  پنجاب چودھری محمد سرور بیوروکریسی پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں آب پاک اتھارٹی کی فائلیں سرخ فیتے کی نظرکر دی جاتی ہیں، بیوروکریسی کو غریبوں سے کوئی ہمدردی نہیں، کالی بھیڑوں کو جلد بے نقاب کروں گا۔

وی او ڈی سی آفس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بیوروکریسی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دو کروڑ لوگوں کو پینے کا صاف پانی دے سکتا تھا مگر بیوروکریسی نے میرا ڈیڑھ سال ضائع کیا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا  کہ بیوروکریسی صاف پانی کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالتی ہے، بیوروکریسی میں کالی بھیڑیں موجود ہیں ، فائنل میٹنگ کروں گا اگر راہ راست پر نہ آئے تو اگلے ہفتے پریس کانفرس میں ان کالی بھیڑوں کو بے نقاب کروں گا۔

بیوروکریسی پر لفظوں کے تیر برساتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے بنائے گئے منصوبے نظر انداز کیے جا رہے ہیں، فائلیں ایک محکمے سے دوسرے میں جاتی ہیں، اگر بیوروکریٹس کے اپنے بچے گندا پانی پینے سے ہسپتالوں میں پہنچیں تب انہیں احساس ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم پینے کے صاف پانی کے منصوبے پر کام کررہے ہیں لیکن اس منصوبے میں بیوروکریسی رکاوٹیں ڈال رہی ہے، بیورو کریسی نہیں چاہتی کہ عوام کو صاف پانی ملے۔

  چودھری محمد سرور نے بیوروکریسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی آب پاک اتھارٹی کی فائلیں دبائے رکھتی ہے فنڈز کا اجراء نہیں کرتی، میں قیامت کے دن ان کا گریبان پکڑوں گا جنہوں نے غریبوں کو صاف پانی سے محروم رکھا، اب میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے بات اب وزیراعظم تک جائے گی۔

ذرائع کے مطابق 4 محکموں کی جانب سے آب پاک اتھارٹی کی فائلیں ڈیڑھ سال سے سرخ فیتے کی نظر ہیں،ڈیڑھ سال سے آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کی فائلیں ایک سے دوسرے محکمے میں سفر کررہی ہیں۔

مزیدخبریں