علی ساہی: پنجاب پولیس سرکاری اداروں میں 227مریضوں کے ساتھ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والاادارہ بن گیا۔کورونا سے لڑکرصحت یاب ہونے والے ملازمین کے حوصلے عوام کی خدمت کےلیے بلند ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھرمیں صحت یاب ہونے والے 58ملازمین دوبارہ ڈیوٹیوں پر پہنچ گئے ۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کےخلاف دیگر متعلقہ اداروں کی طرح پولیس بھی فرنٹ لائن پرفرائض سرانجام دے رہی ہے اورکورونا وائرس کی روک تھام کے لیے قرنطینہ سنٹرز۔ہسپتال ۔ناکوں اور مارکیٹوں میں موجود ہے ۔دوران ڈیوٹی اب تک 85سو کے قریب ملازمین کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔
4ہزار سے زائد کے رزلٹ منفی جبکہ 4100کے رزلٹ متوقع ہیں۔اب تک کی رپورٹس میں 285ملازمین میں کورونا وائرس مثبت آیا ہے جس میں 227زیر علاج جبکہ 58صحتیاب ہوکر دوبارہ ڈیوٹیوں پر پہنچ چکے ہیں۔ کورونا وائرس کےشکار پہلے پولیس ملازم سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ وہ 27دن زیرعلاج رہا اور وہاں پر متعلقہ ملازمین و افسران نے بہت ساتھ دیاجبکہ صحتیاب ہونے کے بعد افسران نے چھٹی کے لیے کہا لیکن اس نے ڈیوٹی کوترجیح دی ہے۔
اے آئی جی آپریشنز عمران کشورکا کہنا ہے کہ پوری فورس کورونا وائرس کے خلاف کردار ادا کررہی ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے حساس مقامات پرڈیوٹیاں سرانجام دینے والوں کوحفاظتی سامان بھی مہیا کیا جارہا ہے جبکہ متاثرہ ملازمین کے لیے اضافہ فنڈز بھی جاری کیے جارہے ہیں۔
جہاں پولیس ملازمین وافسران مہلک مرض کی زدمیں آکر متاثر ہورہے لیکن اسکے باوجودفرنٹ لائن پر لڑرہے ہیں اسی طرح عوام کو بھی سماجی فاصلوں کے اقدامات پر عملدرآمدکرکےکورونا وائرس کی روک تھام میں کردارادا کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جہاں لاک ڈاﺅن نرم کیا جا رہا ہے وہیں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک میں مزید 1268 نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 31728 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 691 افراد وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مئی کے آغاز سے پاکستان میں اس وائرس کی ایک نئی لہر نظر آرہی ہے اور صرف 10 روز میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد کیسز اور 276 اموات دیکھنے میں آئی ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہو رہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 475 نئے کیس سامنے آگئے، جس کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 11482 ہو گئی، لاہور میں مزید 262 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 5452 ہوگئی۔