نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 یا 20 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

12 May, 2020 | 11:30 AM

Sughra Afzal

(حافظ شہباز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت آخری مراحل میں داخل ہو گئی، کنٹریکٹ کے لئے چیف سلیکٹر مصباح الحق آج کھلاڑیوں کی فہرست چیف ایگزیکٹو پی سی بی کو بھجوائیں گے۔

ذرائع کے مطابق نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 یا 20 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو اے کیٹگری میں پرموٹ کیا جائے گا تو سابق کپتان سرفراز احمد کو بی کیٹگری دینے پر غور جاری ہے، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی کو سنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ کیے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب محمد حسنین، محمد موسی اور نسیم شاہ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، نوجوان کھلاڑیوں حیدر علی اور روحیل نذیرکے ناموں سمیت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر عابدعلی کو بھی پرموٹ کرنے پرغور جاری ہے، حالیہ سنٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو جائیگا۔

 گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کے معاشی تحفظات دور کرنے کے لئے قبل از وقت سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ابھی کسی کھلاڑی کی کیٹگری طے نہیں ہوئی، آئندہ مالی سال کے لیے پی سی بی کی معاشی پوزیشن مستحکم ہے، اس کے اگلے سال مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا  کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے،صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی، تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔

مزیدخبریں