سٹی 42:معاشرے میں جعلی پیروں ،جادو ٹونے کرنیوالوں کی بھر مار ہے،جنہوں نے کئی لوگوں کی زندگیاں برباد کردیں۔ایسے ہی ایک جعلی پیر نے ایک خاندان کی پانچ لڑکیوں کی عزتوں کو تار تار کردیا۔ جعلی بابا نے ایک فیملی کو جادو ٹونے کا یقین دلا کر اس کی 5 لڑکیوں کی عصمت دری کردی۔
30 سالہ سومناتھ کیلاش چوہان نے خود کو بابا ظاہر کیا اور ایک خاندان کو یقین دلایا کہ ان پر جادو ٹونہ کیا گیا ہے۔وہ اپنے مرید خاندان کے گھر نہرو نگر بھی آتا جاتا اور ان کے گھر قیام بھی کرتا تھا۔ ڈھونگی بابا مشکوک اس وقت قرار پایا جب اس نے اپنے مرید خاندان کی 19 سالہ لڑکی کو موٹرسائیکل پر بٹھایا اور اپنے ساتھ لے گیا، تین روز تک بابا اور لڑکی کا کچھ پتا نہیں چلا جس کے بعد لڑکی کی ماں نے پولیس کو شکایت درج کرادی ۔
پولیس نے لڑکی کو ٹریس کرلیا جس نے انکشاف کیا کہ اس نے بابا سے شادی کرلی ہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کی تو یہ بات سامنے آئی کہ بابا نے اسی گھر کی 5 لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کی ہے، لڑکیوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ بابا انہیں برہنہ کردیتا اور منتر پڑھا کرتا تھا، بعض اوقات زبردستی جسمانی تعلق بھی قائم کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق خاندان انتہائی غریب تھا جو جعلی بابا کی باتوں میں آگیا، بابا نے لڑکیوں کو یقین دلایا کہ اس طرح کی غلیظ حرکات کے ذریعے وہ دراصل ان کے خاندان کی مالی پریشانیاں دور کردے گا اور ان پر ہوا جادو ٹونہ توڑ دے گا۔ یاد رہے یہ واقعہ بھارتی ضلع رائے پور میں پیش آیا ،بھارت میں یہ واقعات عام ہیں۔
ریپ جیسے سنگین جرم میں انصاف کی فراہمی میں طویل تاخیر کے سبب لوگوں کا نظامِ انصاف سے اعتماد اٹھنے لگا ہے۔ لوگ اب ہجوم کے ہاتھوں انصاف کی طرف مائل ہونے لگے ہیں۔ حال ہی میں بعض ہندی فلموں میں بھی ریپ کے ملزموں کو پولیس کے ذریعے فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کرنے کی وکالت کی گئی تھی اور ان فلموں کو عوام میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔