جوہر ٹاؤن (درنایاب) ایل ڈی اے نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا ٹینڈر کھول دیا، مقبول ایسوسی ایٹس نے ٹینڈر ایک ارب 9 کروڑکے عوض 97 کروڑ ایک لاکھ کی بڈ دیکر حاصل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کے ٹینڈر ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہرٹاؤن میں چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا کی سربراہی میں کھولے گئے، ٹینڈرز میں حبیب کنسٹرکشن سروسز، مقبول ایسوسی ایٹس اور این ایل سی نے حصہ لیا۔
فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کی بنیادی لاگت ایک ارب 9 کروڑ رکھی گئی تھی، مقبول ایسوسی ایٹس نے 97 کروڑ ایک لاکھ 31 ہزار 267 کی بڈ دی، این ایل سی نے ایک ارب 2 کروڑ 49 لاکھ 76 ہزار 140 اور حبیب کنسٹرکشن سروسز نے 99 کروڑ 69 لاکھ 70 ہزار 984 کی بڈ دی، سب سے کم بڈ مقبول ایسوسی ایٹس نے دی، بڈ کی ٹیکنیکل اور فنانشل ایویلیوایشن کے بعد آمادگی کا لیٹر دیا جائے گا، بنیادی لاگت سے کم بڈ آنے پر ایل ڈی اے کو 12 کروڑ کی بچت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق فردوس انڈر پاس کا ڈیزائن نیسپاک نے تیار کیا ہے، ڈیزائن کے مطابق سنٹر پوائنٹ سے کیولری کی جانب دو طرفہ فل ہائٹ انڈر پاس تجویز کیا گیا ہے جبکہ کیولری گراؤنڈ سے سنٹر پوائنٹ کی جانب ساڑھے چھ کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 28 جنوری 2020 کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے ہونے والے اجلاس میں گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کی سہولت کے لئے فردو س مارکیٹ چوک میں انڈر پاس کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ دورویہ انڈر پاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودو لینز پر مشتمل ہوگا،یہاں سے بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔