جیل روڈ (زاہد چودھری) پاکستان میں جہاں لاک ڈاﺅن نرم کیا جا رہا ہے وہیں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک میں مزید 1268 نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 31728 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 691 افراد وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مئی کے آغاز سے پاکستان میں اس وائرس کی ایک نئی لہر نظر آرہی ہے اور صرف 10 روز میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد کیسز اور 276 اموات دیکھنے میں آئی ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہو رہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 475 نئے کیس سامنے آگئے، جس کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 11482 ہو گئی، لاہور میں مزید 262 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 5452 ہوگئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 262 نئے مریض سامنے آئے ہیں، لاہور میں 5452 کورونا کے مصدقہ مریض ہیں، کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 197 جبکہ لاہور میں 69 اموات ہوچکی ہیں، کورونا میں مبتلا 4323 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، اب تک کل 1 لاکھ 30 ہزار 546 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کر کے خود کو محفوظ بنائیں، کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نےکورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو پورے پنجاب میں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ چار دن پیر،منگل، بدھ اور جمعرات کو لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی، نرمی کے چار دنوں میں دکانیں اور عام بازار کھلے ہوں گے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، شادی ہالز، سینما گھر ،سیاحتی مقامات اور پارکس بند رہیں گے۔