(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں راشد لطیف کے مداحوں نے سابق وکٹ کیپر معین خان، سرفراز احمد اور کامران اکمل سب کو مات دے دی ہے، 37 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کے پیچھے 130 شکار کرنے کے ساتھ 1381 رنز بنانے والے راشد لطیف مقبولیت میں سب پر سبقت لے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں 6 لاکھ سے زائد صارفین نے شرکت کی، اس مہم میں شارٹ لسٹ کیے گئے 8 وکٹ کیپرز کی اہلیت کا معیار ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے کم از کم 50 شکار مقرر کیا گیا تھا، اس فہرست میں امتیاز احمد، وسیم باری، سلیم یوسف، معین خان، راشد لطیف، کامران اکمل، سرفراز احمد اور عدنان اکمل شامل تھے۔
اس موقع پر سابق کرکٹر شعیب اختر نے راشد لطیف کو اپنا فیورٹ وکٹ کیپر چنا تاہم فہرست میں شامل سرفراز احمد اور کامران اکمل نے 1990 کی دہائی کے 2 عظیم وکٹ کیپرز راشد لطیف اور معین خان کا انتخاب کیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنی سابقہ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چنا، وکٹ کیپنگ کی صلاحیتوں سے مالا مال راشد لطیف نے مقبولیت کی ریس میں پہلا نمبر حاصل کیا، اس ریس میں وکٹوں کے پیچھے شاباش شاباش کی آوازیں لگاتے معین خان کا دوسرا اور موجودہ کرکٹر سرفراز احمد کا تیسرا نمبر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں سب سے نازک مرحلہ وکٹ کیپر کے چناؤ کا تھا کیونکہ یہاں لاکھوں مداحوں کو صرف ایک کھلاڑی کا انتخاب کرنا تھا۔
29 اپریل سے جاری مہم میں اس سے قبل 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔
مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر سب سے مقبول جوڑی رہا، فاسٹ باؤلرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گزشتہ ریکارڈز توڑ دیئے، اسپنرز کی کیٹیگری میں گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی اسپن جوڑی کو مقبول ترین قرار دیا گیا۔