آئی جی پنجاب کا خدمت مراکز کھولنے کا حکم

12 May, 2020 | 12:36 AM

Arslan Sheikh

( علی ساہی ) آئی جی پنجاب نے صوبے بھرمیں لاک ڈاؤن کے باعث بند پولیس کے خدمت مراکز کھولنے کا حکم دے دیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے خدمت مراکز کھولنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ خدمت مراکز کورونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے تھے، دوبارہ کھلنے سے شہری ڈرائیونگ لائسنس سمیت ایک درجن سے زائد سہولیات باآسانی حاصل کرسکیں گے۔

مراسلے کے مطابق شہریوں کو خدمات اور سہولیات کی فراہمی کیلئے آج سے صوبہ بھر میں خدمت مراکز کھولے جائیں، جاری شدہ ایس او پیز کے تحت شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہی زیر صدارت ٹریفک پولیس کے محکمانہ امور سے متعلق سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ آئی جی پنجاب کو ایڈیشنل آئی جی ٹریفک صاحبزادہ شہزاد سلطان نے مختلف پراجیکٹس اورمجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔پ

پانچ سال سے زائد المیعاد ٹریفک لائسنس کی تجدید کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ وارڈنز کی ٹرانسفر پالیسی، ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ رمضان کے آخری عشرے میں ٹریفک کے بہاؤ اور روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقداما ت کیے جائیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث ٹریفک دباؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ پر خاص توجہ دی جائے۔ سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک معاملات اور کورونا سے تحفظ کیلئے جاری اقدامات کی انسپکشن کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ون ویلنگ اور اوور سپیڈنگ کے خاتمے کیلئے سپیشل مہم شروع کی جائے۔ بڑی شاہراہوں پر پی ایچ پی اور ضلعی ٹریفک پولیس کی ٹیمیں مل کر حادثات میں کمی کیلئے اقدامات جاری رکھیں۔

مزیدخبریں