احسن عباس: ہر طرف مہنگائی ہی مہنگائی،رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں بھی مہنگائی کا جن بے قابو، چینی کی قیمت 180 روپے فی کلوگرام تک تجاوز کر گئی ہے۔
شہر لاہور میں چینی کی قیمت 180 اضافے سے 50 کلوگرام چینی کا تھیلا 8400 روپے سے بڑھ کر 8450 روپے تک پہنچ گیا۔ پرچون فروشوں کو چینی 169 روپے فی کلوگرام کے حساب سے پڑنے لگی ہے۔
دوسری جانب بیسن 340 روپے فی کلو پر جا پہنچا جبکہ چکی مالکان کی من مانیوں کے باعث آٹا 20 روپے مہنگا فروخت ہو رہا ہے اور چکی کا آٹا 120 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے شہری گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو کچھ سکون مل سکے۔