خطرناک لمپی وائرس  پھیلنے لگاسندھ سے پنجاب مویشیوں کے داخلے پر پابندی

12 Mar, 2022 | 03:53 PM

   سٹی فورٹی ٹو:خطرناک لمپی وائرس کے پھیلاؤ کے  پیش نظر پنجاب حکومت نے سندھ سے جانوروں کے پنجاب داخلہ پر پابندی لگا دی ہے۔ 

 سیکرٹری لائیواسٹاک پنجاب کے طرف سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سندھ سے کوئی جانور پنجاب داخل نہیں ہو سکے گا۔ یہ پابندی جانوروں کی  جلدی بیماری لمپی  وائرس کے باعث لگائی گئی ہے۔  

اس وائرس کے باعث سندھ اور پنجاب  کی سرحد  پر ٹیموں کو متحرک کردیا  گیاہے تاکہ اس وائرس سے متاثرہ مویشی پنجاب میں نہ لائے جاسکیں، اس کے ساتھ ہی مویشی پالنے والوں کو بھی آگاہی دی جارہی ہے کہ وہ قریبی حیوانات سینٹر سے مویشی کی ویکسی نیشن کروالیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب نے لمپی وائرس سے نمٹنے کے لئے سندھ کو بیس ہزار ویکسینیشن بھی فراہم کر دی ہے۔

 یادرہے لمپی اسکن وائرس ایک وبا کی شکل میں پھیلتا ہے جس سے متاثرہ جانور کی جلد پر پھوڑے، گانٹھ اور دانے نمودار ہوتے ہیں جن میں چند دنوں میں ہی پیپ پڑجاتی اور جانوروں کی جلد خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ ویشیوں میں لمپی اسکن وائرس پھیلنے کی شرح 90 فیصد تک ہے تاہم اس سے مویشیوں کی اموات کی شرح محض پانچ فیصد تک ہوسکتی ہے۔

دوسری طرف مویشیوں میں اس وائرس کی پھیلاؤ کی اطلاعات کے باعث شہریوں نے بیف اور مٹن کا استعمال کم کردیا ہے جس کی وجہ سے چکن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں