(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ متوقع، سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری سکولز اور سیکشن افسران نے تعیناتیوں کیلئے کوششیں شروع کردیں۔
ذرائع کےمطابق محکمہ سکول ایجوکیشن میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کیے جانے کا امکان ہے, من پسند اور منظورِنظر افسران کو تعیناتیاں دینے پرغور شروع کردیا گیا، سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری سکولز اور سیکشن افسران نے تعیناتیوں کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹیز کے دفاتر میں بھی بڑے پیمانے پر سی ای اوز، ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کے تبادلے کیے جائیں گے, ابھی تک ایڈیشنل سیکرٹری سکولز سعیدہ ملائکہ کا تبادلہ کیا گیا ہے، کاشف منظور کو نیا ایڈیشنل سیکرٹری سکولز تعینات کیا گیا,اسی طرح ڈپٹی ڈی ای او ماڈل ٹاؤن شاہد علی شاہ کو تبدیل کرکے سعید اصغر کو تعینات کیا گیا ہے.
جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین رانا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن ہمیشہ سیاست کی نذر رہا ہے، بہترین نتائج کے حصول کیلئے تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا۔