ملک اشرف : سب سےبڑے صوبے کی بڑی عدالت میں ای کورٹس کے قیام پر پیشرفت، سماعت کی کارروائی سے آگہی کے لئے بار روم میں ایل ای ڈیز نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ انتظامی ججز کی عدالتوں کو ای کورٹس میں تبدیل کرنے پر غور جاری ہے ۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس اور 3 سینئر ججوں کی عدالتی کارروائی سے آگاہی کیلئے بار میں ایل ای ڈیز نصب کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اور سینئر ترین جج ملک شہزاد کی عدالتوں کے کیسز کی آگاہی کیلئے بار روم میں ایل ای ڈی لگائی جائیگی اسی طرح جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس شاہد وحید کی عدالتوں کے کیسز کی تفصیلات بار روم ایل ای ڈیز پر دیکھی جا سکیں گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر علی بھٹی نے بار روم میں ایل ای ڈیز لگانے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد آئندہ ہفتے تک لاہور ہائیکورٹ بار روم میں ایل ای ڈیز نصب کردی جائیں گی۔