پتنگ فروشوں کی کم بختی آ گئی

12 Mar, 2021 | 11:12 AM

Imran Fayyaz

(قیصر کھوکھر) محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی کی سزائیں بڑھانے کی منظوری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے پتنگ بازی ہر سزاؤں میں اضافہ کی منظوری دے دی ہے،محکمہ داخلہ نے قانون میں ترمیم کرنے کے لئے ایکٹ محکمہ قانون کو ارسال کر دیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے پتنگ بازی کی سزائیں بڑھانے کی منظوری دے دی ہے اب پتنگ اڑانے والے کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور ایک سال کی سزا ہوگی۔پتنگ بنانے والے کو بیس لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال سزا ہوگی جبکہ پتنگ فروخت کرنے والے کو پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال سزا ہوگی۔محکمہ داخلہ نے قانون میں ترمیم کرنے کے کیے ایکٹ محکمہ قانون کو ارسال کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پولیس نے پتنگ بازوں کو قابو کرنے کے لئے ڈرون کیمروں سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ شروع کر دی تھی۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ نواں کوٹ، شیرا کوٹ، مصری شاہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسروں اور اہلکاروں نے اونچی چھتوں پر چڑھ کر ڈرون کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی۔ ایس ڈی پی او نواں کوٹ عمر فاروق نے بتایا تھا، ڈرون کیمروں کے استعمال سے پتنگ بازی کی روک تھام میں مدد ملی 
  پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم چلائی گئی تھی، مساجد میں اعلانات سمیت نمازیوں میں آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال میں اب تک گیارہ افراد مختلف واقعات میں خونی ڈور کا شکار ہوئے، جس میں پہلی ہلاکت اچھرہ میں ہوئی، جہاں گزشتہ دنوں ایک شخص ڈور پھرنے سے زخمی ہوا تھا جس پر ایس ایچ او اچھرہ کو معطل کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں