(حسن علی) آٹا بم گرنے کو تیار، صوبائی کابینہ کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 1400 روپے فی من ہونے کے بعد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 12 روپے سے 15 روپے اضافے کا عندیہ دے دیا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ کی طرف سے گندم کی امدادی قیمت میں 1400 روپے فی من کرنے کا فیصلہ کاشتکاروں کے لئے بہتر ہے، تاہم گندم کی امدادی قیمت میں اضافے کے باعث امسال پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن آٹے کی قیمتیں کم نہیں کر سکے گی، کیونکہ اس وقت فلور ملز کو سرکاری گندم 1375 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ گذشتہ سال گندم کی امدادی قیمت 1300 روپے فی من مقرر تھی۔
عاصم رضا کا کہنا تھا کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافے سے فلور ملز کو فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا اور فلور ملز کو سرکاری گندم جس قیمت پر فراہم کی جائے گی اس قیمت کے حساب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کا تعین کیا جائے گا تاہم گندم کی امدادی قیمت میں اضافے سے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 12 روپے سے 15 روپے مہنگا ہو سکتا ہے۔