(زین مدنی) کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے لالی وڈ انڈسٹری کے نامور گلوکار عاطف اسلم کی آج 37ویں سالگرہ ہے، دوست احباب کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
پاکستان میوزک انڈسٹری کے صف اول کے گلوکار عاطف اسلم 37 برس کے ہو گئے، عاطف اسلم 12مارچ 1983ء کو وزیر آباد میں پیدا ہوئے، انہیں بچپن سے ہی کرکٹر بننے کا شوق تھا، لیکن کالج میں عاطف اسلم کو میوزک سے محبت ہوئی اور یہ محبت ایسی بڑھی کہ پھر 'عادت' ہی بن گئی۔
عاطف اسلم نے 2004 میں فن گائیگی کا آغاز اپنی پہلی البم جل پری سے کیا جو ہٹ ثابت ہوئی، زہر، کل یوگ ، بس اک بار،پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو، ریس اور تیرے نال لو ہو گیا میں عاطف اسلم کے گائے گئے گانے بہت مشہور ہوئے۔
پاکستان میں تو ان کی آواز کا جادو چلا ہی، لیکن اس مدھر آواز نے پڑوسی ملک کی انڈسٹری کو بھی اپنا اسیر کرلیا اور عاطف اسلم کو دھڑا دھڑ وہاں سے گانوں کی آفرز ملنے لگیں اور انہوں نے بالی وڈ کے بیسٹ پلے بیک سنگر کا اعزاز حاصل کرلیا۔
2011 میں عاطف اسلم نے فلم بول میں اپنی آواز کے ساتھ اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جبکہ کوک سٹوڈیوز میں بھی ان کے گانوں کو کئی ملین بار دیکھا جاچکا ہے۔