ای سی ایل کیس، میاں شہباز شریف کی درخواست پر نیب نے جواب جمع کرادیا

12 Mar, 2019 | 05:11 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں میاں شہبازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے دائر درخواست پرسماعت، نیب نےعدالت میں جواب جمع کرادیا، عدالت نے وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو جواب کرانے کے لئے 19 مارچ تک کی مہلت دے دی۔

جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست پرسماعت کی۔ نیب کے سپیشل پراسیکوٹر نے میاں شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حوالے سے جواب جمع کرادیا جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی۔

میاں شہباز شریف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اور رمضان شوگر مل کے حوالے سے بے بنیاد کیس بنایا۔ لاہور ہائیکورٹ نے الزامات ثابت نہ ہونے پر درخواست ضمانت منظورکی، درخواستگزار پوتی کی تیمارداری اور دیگر مصروفیات کی بناء پر برطانیہ جانا چاہتا ہے، حمزہ شہباز کا نام بھی ایل سی ایل میں شامل کیا گیا۔

عدالت نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی، وہ عدالت کی جانب سے اجازت ملنے پر برطانیہ جاکر واپس آگئے، نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ نے میاں شہبازشریف کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کر رکھا ہے، درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں