"نواز شریف کی بیرون ملک جانے کی خواہش پوری نہیں کرسکتے"

12 Mar, 2019 | 01:26 PM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی خواہش پوری نہیں کرسکتے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت کی آڑ میں قوم کو ایک مرتبہ پھر بے وقوف بنانا چاہتی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ نے کہا کہ ہم نواز شریف کو علاج کیلئے تمام سہولتیں دینے کیلئے تیار ہیں لیکن ان کی بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی خواہش پوری نہیں کر سکتے، یہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے دائرہ کارمیں نہیں آتا۔ نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ صرف عدالت ہی کر سکتی ہے۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میثاق جمہوریت کی آڑ میں قوم کو ایک مرتبہ پھر لالی پوپ دے کر بے وقوف بنانا چاہتے ہیں، ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں، یہ ذاتی مفاد کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں۔

بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو حکومت گرانے سے کس نے روکا ہے، عوام ان پر اب اعتماد نہیں کرتے، پی ٹی آئی کو( ن) لیگ میں کسی فاروڈ بلاک کی ضرورت نہیں۔

مزیدخبریں