سٹی42: آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں آج گروپ اے کی تین ٹیموں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والا انڈیا امریکہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہو رہا ہے۔ امریکہ، بھارت اور پاکستان تینوں ٹیموں کے لئے یہ میچ ایونٹ کے سپر ایٹ راؤنڈ تک رسائی کیلئے اہم ہے۔
بلیو شرٹس کو سپر ایٹ راؤنڈ میں جانے کے لئے صرف ایک جیت کی ضرورت ہے جبکہ کرکٹ کی دنیا میں نووارد امریکہ کو بھی سپر ایٹ راؤنڈ میں رسائی یقینی بنانے کے لئے ایک ہی جیت کی ضرورت ہے۔ آج کے میچ میں انڈیا سے زیادہ بڑی توقعات امریکہ کی نوخیز ٹیمکے ارکان کو ہیں جنہیں ٹی ٹوینٹی کرکٹ کے سب سے بڑے بیٹرز کو شکار کر کے دنیا کو چونکا دینے کے لئے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی غیر معمولی وکٹ کی مدد حاصل رہے گی۔
پاکستان کے لئے انڈیا امریکہ میچ اس لئے اہم ہے کہ اس میچ میں امریکہ کے ہارنے سے پاکستان کی سپر ایٹ راؤنڈ تک رسائی کا امکان باقی رہے گا۔
پاکستان بھارت میچ کی خوفناک یادیں
بھارت میں کرکٹ مبصرین آج کے میچ سے پہلے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم کی بیٹر کِلر وکٹ پر گرین شرٹس کے ساتھ بلیو شرٹس کے میچ کے ان لمحات کو یاد کر رہے ہیں جن بلیو شرٹس کے آخری 7 بیٹرز صرف 28 رنز کا اضافہ کر کے پویلئین لوٹ گئے تھے۔
بھارتی بیٹرز پر دباؤ ہے کہ وہ پاکستانی باؤلرز کے ہاتھوں بنی درگت آج امریکی باؤلرز کے ہاتھوں نہ بنوا بیٹھیں۔ ان کو امریکی ٹیم کی پاکستان میں بنی کِٹ میں ملبوس بھارتی نژاد باؤلر سوربھ نیتراولکر کی گیندوں کا کچھ کچھ خوف بھی ہے ۔ سوربھ ممبئی انڈر 15، رنجی اور وجے ہزارے ٹرافی میں بھارتی سٹار بیٹر سوریہ کمار یادو کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ آج وہ نساؤ سٹیڈیم کی مددگار پچ پر یقیناً کچھ بڑا کرنے کی خواہش کے ساتھ میدان میں آئیں گے۔
مبصرین کو توقع ہے کہ آج میچ میں اگر انڈیا پہلے بولنگ کرتا ہے تو بومرہ، محمد سراج اور رویندرا جدیجا کامریکی بیٹرز کو سو رنز نہیں کرنے دیں گے۔
نیویارک کا موسم
نیویارک کا موسم گزشتہ میچوں کی طرح آج بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کا آخری میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا تھا تاہم اس کا میچ کے دورانیہ پر کوئی اثر نہیں ہوا تھا۔
موسم کے ادارہ ایکو ویدر Accuweather کی فورکاسٹ ہے کہ آج بدھ کو نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں بارش کا تقریباً 25% امکان ہے۔ تاہم، خاص طور سے میچ کے اوقات کے دوران، بارش کا امکان صرف 7 فیصد ہے۔
بلیو شرٹس کی پلئینگ الیون
بھارت کی جانب سے آج کپتان روہت شرما ، ہریدیک پانڈیا، یشسوی جیسوال، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، سنجو سیمسن، شیوم دوبے، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بومرہ، محمد سراج کھیلیں گے۔ چاہل کو پاکستان کے ساتھ میچ میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔ بومرہ اور چاہل دو سپنرز کے ساتھ میدان میں آنے کا مطلب ہے کہ روہت شرما ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم کو پہلے سے آخری اوور تک وکٹ کی ہلاکت آفرینی کا خوب مزا چکھانا چاہتے ہیں۔
یونائٹڈ سٹیٹس کی پلئینگ الیون
امریکہ کی متوقع ٹیم میں کیپٹن مونانک پٹیل ، ایرون جونز، اینڈریز گوس، کوری اینڈرسن، علی خان، ہرمیت سنگھ، جیسی سنگھ، ملند کمار، نثارگ پٹیل، نتیش کمار، نوشٹش کینجی گے، سوربھ نیتراواکر، شیڈلی وان شالکوک، اسٹیون ٹیلر، شایان جہانگیر شامل ہو سکتے ہیں۔
نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی پچ
آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے اب تک ہونے والے میچوں میں سب سے زیادہ توجہ کسی بیٹر یا باؤلر کو نہیں، نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی وکٹ کو ملی ہے جس نے اپنی باؤنس اور بال کو سپن کرنے کی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ یہاں ہونے والے پانچ میچوں میں بڑے بڑے بیٹرز کے چھکے چھڑا دیئے اور شہرہ آفاق ٹیموں کو گھٹنوں کے بل گرا دیا۔
ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں بڑے بڑے مجومعے بنانے الی ٹیموں کے لئے اس وکٹ پر سو کا ہندسہ عبور کرنا ہی ایک سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
محمد رضوان کا چیلنج
کل منگل کے روز ہونے والے پاکستان کینیڈا میچ میں پاکستان کے محمد رضوان اس وکٹ پر ففٹی کر کے ناٹ آؤٹ واپس جانے والے واحد بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے 53 رنز بنائے جو اب تک اس وکت پر سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔ آج بھارت اور امریکہ کے سٹار بیٹرز کے لئے رضوان کے سکور سے آگے بڑھنا بھی ایک چیلنج ہو گا۔