وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد 105 تک بڑھانے کی منظوری دیدی

12 Jun, 2024 | 06:16 PM

ویب ڈیسک :  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد 105 تک بڑھانے اور مختلف شہروں کے 11بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی منظوری دی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقدہوا، جس میں چلڈرن ہسپتال لاہور کی ویڈیوز پیش کی گئی، باتھ روم، آپریشن تھیٹر اور دیگر صورتحال پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وڈیو میں ایمرجنسی میں بچے کا خون بہہ رہا ہے اور ماں دوپٹے سے ڈھانپ رہی ہے جس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی۔

 مریم نواز نے کہاکہ لاہور کے سب سے بڑے ہسپتال کا یہ حال ہے تو باقیوں کا کیا حال ہو گا۔ساہیوال میں 8 بچے مر گئے، ہم سب ذمہ دار ہیں،جواب دینا ہوگا۔

اجلاس میں صوبائی مشیر اظہر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی گئی جو ساہیوال واقعہ کی جامع رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ذمہ داری کا تعین کرکے متعلقہ حکام کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔ سارے ہسپتال ٹھیک کرنا چاہتی ہوں۔ ہیلتھ کا پورا سسٹم بدلنا ہوگا،مانیٹرنگ اور احتساب کا نظام لانا یوگا۔مانیٹرنگ اور احتساب نہیں ہوگا تو کارکردگی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن مہم میں خامیوں کو دور کیا جائے۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے ہسپتالو ں کی ضروریات، مسائل کا تعین کرنے کے لیے میپنگ اورخسرہ کی ویکسی نیشن مہم کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے تحصیلوں میں فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ یقینی بنانے اورصوبے بھر میں ڈاکٹروں کی کارکردگی کا تعین کرنے کے لئے سسٹم وضح کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے امراض قلب کے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کے اقدامات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کارڈیالوجی، سٹروک، برن اور پیڈز کی ہنگامی علاج کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کو سرکاری ہسپتالوں کی عوامی ضروریات کی مطا بق تھری، ٹو اور ون لیول گریڈنگ پر بریفنگ دی گئی۔

 سینئر صوبائی وزیرمریم اور رنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی مشیر اظہر کیانی، ڈاکٹر عدنان خان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، چیئر مین پی اینڈ ڈی، سیکریٹریز سہیل اشرف، علی جان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سی ای او ایڈاپ شاہ میر اور دیگر حکام موجود تھے۔

مزیدخبریں