ویب ڈیسک : اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اب چاول کا بھی بحران آئےگا ، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی ۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت تباہ کردی ہے، آئندہ مالی سال بھی گروتھ ریٹ نیچے جائے گی، ملکی تاریخ میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ حکومت نے کئی اعدادوشمار مصنوعی طور پر بڑھائے، گندم کی فصل تباہ ہوگئی لوگ بیچ نہیں پا رہے۔ زراعت سے متعلق حکومت دعوے غلط ہیں، بمپر کراپ حکومت اور کسانوں کو فائدہ نہیں دے رہی، اب چاول کا بھی بحران آئےگا ۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایران سے پٹرول سمگلنگ کیوجہ چاول سمگل ہوگا، افراط زر میں کمی نہیں آئی مزید بڑھی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی مگر عوام کوفائدہ نہیں مل رہا ۔ حکومت نے ڈالر کو مصنوعی طور پر 275 پر رکھا ہوا ہے ۔ اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی، حکومت نے امپورٹس کو محدود رکھا ہے جس سے بجلی کا بحران ہے، لوڈشیڈنگ بجلی چوری کیوجہ سے نہیں بجلی پیدا نہ کرنے کیوجہ سے ہورہی ہے۔ حکومت وقت کی فرعون ہے آسمان سے باتیں کررہی ہے، پنجاب ہتک عزت قانون کی شدید مذمت کرتے ہیں، پنجاب ہتک عزت قانون آزادی صحافت کےلئے زہر قاتل ہے۔ سوشل میڈیا پر فائروالز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے؟ جس کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے، عوام سے پوچھیں مہنگائی کم ہوئی یا زیادہ ۔