(وسیم احمد) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں اپ گریڈیشن کیلئے جاری کاموں کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سٹیڈیم کا رات گئے کام بند ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے 24 گھنٹے کام کرنے اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کا حکم دیا،چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 24 گھنٹے کام کرکے ہی اس بڑے پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کیا جا سکتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے نیچے پائپ پھٹنے کے باعث جمع پانی کی جلد نکاسی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کیلئے مزید وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے،کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور جنرل مینجر انفراسٹرکچر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ چیپمئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور پی سی بی نے ٹورنامنٹ کا حتمی شیڈول بھی منظوری کیلئے آئی سی سی کو بھجوا دیا ہے۔