لاہور میں ریکارڈ توڑ گرمی، آج سال کا گرم ترین دن ہوگا

12 Jun, 2024 | 09:14 AM

(کومل اسلم) لاہور میں سورج کا پارہ چڑھنے لگا  درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق  شہرکاموجودہ درجہ حرارت 37ڈگری سینٹی گریڈتک جاپہنچا جبکہ  شہر میں آج درجہ حرارت45ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔ ہوا میں نمی کاتناسب32فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے۔
عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہورتیسرے نمبرپر  آگیا ہے، فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح170ریکارڈ کی گئی، سید مراتب علی روڈ177 اور جوہر ٹاؤن میں شرح163ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئی ہیٹ ویو کے دوران عید کے روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ ہو گی۔

دوسری جانب  محکمہ موسمیات کی جانب سے پری مون سون کی بارشوں کے حوالے سے  19جون کے بعد ملک میں پری مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔اس سال معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ عید الاضحی پر میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا،کراچی سمیت سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ سندھ کے وسطی اورجنو بی اضلاع میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، دیر، سوات، کوہستان، چترال اور بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں