دنیا بھر میں آج چائلڈ لیبر کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

12 Jun, 2024 | 08:52 AM

(ویب ڈیسک)   بچوں سے مشقت ، ایک تلخ حقیقت،پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج چائلڈ لیبر کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

 پاکستان سمیت دنیا بھر میں آ ج بچوں سے مشقت کیخلاف عالمی دن ( چائلڈ لیبر ڈے) منایا جارہا ہے۔بچے پھول کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک و قوم کا مستقبل ان سے ہی عبارت ہے۔مگر یہ ننھے شگوفے اکثر تلخ حالات کے ہاتھوں مسلے جاتے ہیں اور معصومیت کی شاخوں سے ٹوٹ کر گلیوں کی دھول بن جاتے ہیں ۔

ایک نجی این جی او کے سروے کے مطابق   گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران   چائلڈ لیبر میں30فیصد اضافہ ہوا .پنجاب میں5 سے 12 سال عمر تک کے ڈھائی لاکھ سے زائد بچے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں تقریباً40 ہزار بچے گھریلو ملازم کے طور پر کام کر رہے ہیں  جبکہ 

پاکستان میں مؤثر قانون اور کارروائی نہ ہونے پر ملک بھر میں بچہ مزدوروں کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی، پنجاب میں چائلڈ لیبر کی شرح 14 فیصد کے قریب ہے.

اس دن کو منانے کا مقصد چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی اور بچوں کو تعلیم کے مساوی حقوق دلانا ہے۔ ماہرین کے مطابق  ہر حکومت میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کا اعلان تو کیا گیا مگر نا کافی اقدامات اٹھائے گئے جس کی وجہ سے بچہ مزدوری میں اضافہ ہو رہا ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ  حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے لانگ ٹرم پالیسی بنائے، پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر اور اکثر مزدوری پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے خصوصی وظائف بھی دیں گے اور ہنر بھی سکھائے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں