ویب ڈیسک: ایشیا کپ انعقاد کا تنازع حل ہونے کے بعد ورلڈکپ شیڈول کی خبریں بھی آنے لگیں۔ بھارت میں سجنے والے آئی سی سی ایونٹ میں روایتی حریف سے پاکستان کا زور کا جوڑ 15اکتوبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں پڑے گا۔
آئی سی سی ورلڈکپ کا میلہ بھارت میں لگے گا۔ 5 اکتوبر کو 2019 کی چیمپئن ٹیم انگلینڈ کا رنرز اپ نیوزی لینڈ سے افتتاحی مقابلہ ہو گا۔ میزبان بلیو شرٹس 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر ڈرافٹ کردہ اس شیڈول میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو رکھا گیا ہے، جو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ یہ ڈرافٹ منظوری کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیجا گیا ہے جو اسے تمام شریک بورڈز کی مشاورت سے جاری کرے گی۔
اس ڈرافٹ میں سیمی فائنل مقابلوں کے مقام کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا جو ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل کی میزبانی 19 نومبر کو سب سے بڑے اسٹیڈیم احمد آباد کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت ایونٹ میں اپنے تمام راؤنڈ میچز 9 مقامات پر کھیلے گا جبکہ لیگ مرحلے میں پاکستان کے میچز پانچ مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم 6 اور 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیموں کے مدمقابل ہو گی، 20 اکتوبر کو بینگلور میں آسٹریلیا، چنئی میں 23 اکتوبر کو افغانستان اور 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ، بنگلا دیش سے 21 اکتوبر کو کولکتہ، 5 نومبر کو بنگلورمیں نیوزی لینڈ جبکہ 12 نومبر کو کولکتہ میں انگلینڈ سے میچ شیڈول ہیں۔